پاکستان کی نامور گلوکارہ، اداکارہ اور سماجی کارکن Hadiqa Kiani کو دنیا کی بااثر اور متاثر کن خواتین کی فہرست BBC 100 Women 2024 میں شامل کر لیا گیا۔
بی بی سی کی جانب سے جاری کی گئی اس عالمی فہرست میں اُن خواتین کو جگہ دی جاتی ہے جنہوں نے اپنے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہوں اور معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کیے ہوں۔ ہادیقہ کیانی کو یہ اعزاز نہ صرف موسیقی کے میدان میں شاندار خدمات بلکہ انسان دوستی اور فلاحی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی دیا گیا۔
ہادیقہ کیانی نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران “وسیلہ راہ” فاؤنڈیشن کے ذریعے سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کیں۔ انہوں نے ہزاروں خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر، خوراک، طبی سہولیات اور دیگر ضروری امداد فراہم کی۔
وہ پاکستان کی اُن چند فنکار شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔ اس سے قبل حکومتِ پاکستان بھی اُن کی خدمات کے اعتراف میں انہیں “ستارۂ امتیاز” سے نواز چکی ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ہادیقہ کیانی کو اس بڑے اعزاز پر مبارکباد دی جا رہی ہے، جبکہ عوام نے اسے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا ہے۔
