حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 98 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد ڈیزل 91 روپے 58 پیسے فی لیٹر فروخت ہوگا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کی گئی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں سے ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
شہریوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام آنے تک مقامی سطح پر بھی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔
