ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی امریکی حملے میں شہید 160 طالبات کی قبروں کی تصویر شیئر، سخت ردعمل
ارز نیوز ڈیجیٹل | بین الاقوامی ڈیسک
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی حملے میں شہید ہونے والی 160 کمسن طالبات کی قبروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں عباس عراقچی نے لکھا، “یہ وہ ریسکیو ہے جس کا ٹرمپ نے ایرانی عوام سے وعدہ کیا تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “غزہ سے میناب تک، معصوم جانوں کو سفاکی سے قتل کر دیا گیا۔”
ذرائع کے مطابق امریکی حملے میں شہید ہونے والی 160 طالبات کو ایران کے شہر میناب کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے اور عالمی برادری کو اس واقعے کا نوٹس لینا چاہیے۔ دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
علاقائی مبصرین کے مطابق اس واقعے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور ایران و امریکہ کے تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔
پس منظر
یاد رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے۔
